اسلام آباد — پاکستان نے سری لنکا میں سیلاب اور طوفان سے متاثرہ علاقوں کیلئے ریلیف آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پہلی امدادی کھیپ اور آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ آج ارسال کی جانے والی پہلی کھیپ میں 100 ٹن امدادی سامان شامل ہوگا، جس میں ریسکیو کشتیاں، واٹر پمپس، لائف جیکٹس، ٹینٹ، کمبل، خوراک، دودھ اور ادویات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاک فوج کی 45 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی سری لنکا روانہ کی جائے گی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر امدادی سامان کی روانگی کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فیلڈ اسپتال بھی بھیجے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں طوفان دتوا کے باعث ایمرجنسی نافذ ہے۔ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 153 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زیادہ تر اموات لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہوئیں، جہاں شمالی اور مشرقی علاقوں میں 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos