پاکستان پیپلز پارٹی آج اپنا 58واں یوم تاسیس منا رہی ہے

اسلام آباد/کراچی — پاکستان پیپلز پارٹی آج اپنا 58واں یوم تاسیس منا رہی ہے، جس کے موقع پر ملک بھر میں ضلعی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ کراچی کے علاقے کورنگی میں مرکزی جلسہ بھی ہوگا۔

کورنگی میں جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، شہر کے مختلف اضلاع میں پارٹی پرچم لگائے گئے ہیں، اور بلاول بھٹو سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔

پیپلز پارٹی کی بنیاد 30 نومبر 1967ء کو لاہور میں رکھی گئی تھی، اور ذوالفقار علی بھٹو پہلے چیئرمین منتخب ہوئے۔ پارٹی نے عوام میں مقبولیت حاصل کرنے کے لیے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کا نعرہ دیا اور 1970ء کے عام انتخابات میں مغربی پاکستان میں شاندار کامیابی حاصل کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے 58 سالہ سیاسی سفر میں کئی نشیب و فراز دیکھے۔ جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کے دور میں پارٹی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ متفقہ آئین کی منظوری، جوہری پروگرام کی بنیاد اور صوبائی خود مختاری جیسے اہم کارنامے بھی پیپلز پارٹی کے کھاتے میں شامل ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یوم تاسیس کے موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور کے مرکزی چیلنجز کا مقابلہ کیا، آمریت کے دوران جمہوریت کی بحالی کے لیے قیادت کی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ جمہوری نظام کو مستحکم کرنے، اتحاد کو فروغ دینے اور سیاسی عمل کو درست راستے پر رکھنے کے لیے کام کیا ہے۔

صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قیام کے بعد عام آدمی کو سیاست میں حصہ لینے کا موقع ملا، اور یومِ تاسیس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ میئر کراچی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا عوام سے رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور آئندہ بھی قائم رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔