ڈھاکہ، اسلام آباد: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا۔
ذاتی معالج ڈاکٹر زاہد حسین کے مطابق 80 سالہ سیاستدان کے بیرونِ ملک علاج کا فیصلہ میڈیکل بورڈ کی حتمی سفارش پر کیا جائے گا اور اس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ خالدہ ضیا کی حالت میں پچھلے تین روز سے کوئی تبدیلی نہیں آئی، تاہم ہسپتال انتظامیہ نے انہیں بہترین سہولیات فراہم کر رکھی ہیں۔
بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے بتایا کہ موجودہ طبی حالت کے پیش نظر خالدہ ضیا کو بیرونِ ملک منتقل نہیں کیا جا سکتا، تاہم صحت میں بہتری پر یہ فیصلہ دوبارہ زیر غور آئے گا۔
خالدہ ضیا کو پھیپھڑوں کے انفیکشن اور سانس میں تکلیف کے باعث ایور کیئر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں نمونیا کی تشخیص ہوئی۔ ان کے گردے، جگر، آرتھرائٹس اور ذیابیطس سمیت متعدد پیچیدہ امراض ہیں، جو علاج کو مزید مشکل بنا رہے ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ملکی اور غیر ملکی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ روزانہ ان کی صحت کا جائزہ لیتا ہے اور علاج میں ضروری تبدیلیاں کرتا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ سابق حکومت کے دور میں خالدہ ضیا کو قید کیا گیا تھا اور بعد میں 2020 میں خصوصی حکم کے تحت رہا کیا گیا، مگر بیرونِ ملک علاج کی اجازت نہ دی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos