کراچی کے علاقے کیماڑی میں منوڑہ سے بابا بھٹ جانے والی دو لانچوں کے آپس میں ٹکرا جانے سے دو خواتین جاں بحق اور کم از کم بارہ افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا، جس کے بعد دونوں کشتیوں میں موجود افراد پانی میں گر گئے، تاہم تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ابتدائی طور پر ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوئی جبکہ شدید زخمی ایک لڑکی بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئی۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے وقت دونوں کشتیوں میں مجموعی طور پر 20 سے 25 مسافر سوار تھے۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں مکمل کر کے صورتحال معمول پر لانے کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos