وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان میں ایڈز کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے اور بیماری سے تحفظ کی سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی قومی عزم اور ذمہ داری کے ساتھ اس مہم میں حصہ لیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عالمی دن کا موضوع "رکاوٹوں کو عبور کرنا اور ایڈز کے حوالے سے رویوں کو تبدیل کرنا” ہے، جو یہ واضح کرتا ہے کہ مشکلات اور سماجی عدم مساوات کے باوجود صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے عزم قائم رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایچ آئی وی عالمی سطح پر نظامِ صحت کے لیے ایک چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی، علاج تک آسان رسائی، جدید طبی سہولیات اور سماجی تعاون ضروری ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی ضروریات کو ترجیح دے رہی ہے اور کمزور طبقات تک تشخیص، علاج اور نگہداشت کی مساوی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے صوبوں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایڈز کی روک تھام اور بدنامی و امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کا ذکر بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترجیحی اقدامات میں خطرے سے دوچار طبقات تک علاج کی رسائی، صنفی امتیاز کا خاتمہ، ماں سے بچے میں وائرس کی منتقلی کی روک تھام، محفوظ خون کی فراہمی اور منشیات استعمال کرنے والے افراد میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں کمی شامل ہیں۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ایڈز کے عالمی دن پر عہد کریں کہ کوئی سماجی یا انتظامی رکاوٹ اس اہم جدوجہد میں رکاوٹ نہیں بنے گی اور پاکستان ایڈز کے خاتمے کی جانب تیز پیش رفت کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos