میئرکراچی تماماداروں پرقابض ہیں،بی آرٹی منصوبہ ناکام ہو چکا:حافظ نعیم

کراچی، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام لگایا ہے کہ میئر کراچی نے شہر کے تمام ادارے اپنے اختیار میں لے رکھے ہیں اور شہری مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

کراچی میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کے نام پر شہریوں کو پریشانی میں ڈالا جا رہا ہے، جبکہ منصوبے کے ڈیزائن میں بھی سنگین خامیاں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میں کرپشن ایک باقاعدہ کاروبار کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ بی آر ٹی منصوبہ ختم کرکے یونیورسٹی روڈ کو مکمل طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گلشنِ اقبال سمیت مختلف علاقوں میں جعلی دستاویزات کے ذریعے گھروں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے زمینوں پر قبضے کے خلاف خصوصی سیل قائم کر دیا ہے جو شہریوں کے تحفظ کے لیے فعال رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور ملک بھر میں زمینوں پر قبضے عام ہیں، چھوٹے کسانوں اور ہاریوں تک کی زمینیں محفوظ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے راوی کے آس پاس بھی جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم کی گئی ہیں جن سے غیر قانونی تعمیرات بڑھ رہی ہیں۔

ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعت ’’نورا کشتی‘‘ میں مصروف رہ کر عوام کو گمراہ کرتی رہی ہے اور سرکاری اداروں پر قبضے کے دوران بھی انہی قوتوں کے ساتھ کھڑی تھی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہر میں بدانتظامی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، کسی ادارے کو پرسانِ حال نہیں اور حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہے۔

اس موقع پر منعم ظفر نے کہا کہ شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے، بچے کھلے مین ہولز میں گر رہے ہیں اور جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حالیہ واقعے میں ڈوبنے والے بچے کی لاش 12 گھنٹے بعد بھی تلاش نہیں کی جا سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔