بنوں : شہید اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی اور دو پولیس جوانوں کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا، جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ اور دیگر عسکری و سول حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے شہداء کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکا نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
نمازِ جنازہ کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں اور کہا گیا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، شہداء ملک کی سلامتی اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔
واضع رہے بنوں میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق بنوں میں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی، واقعہ بنوں میں میرانشاہ روڈ پر فلور ملز کے قریب پیش آیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر اور 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک اور شخص بھی جاں بحق ہوا ہے جب کہ حملہ آور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔ حملہ آوروں نے بعد ازاں گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد جمع کرکے لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos