وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبہ گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے، تاہم حکومت اور سیکیورٹی ادارے ہر حال میں امن کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔ پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کم وسائل کے باوجود دو دہائیوں تک دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
سہیل آفریدی کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس جوانمردی کے ساتھ دہشتگردوں کا سامنا کر رہی ہے، اور اللہ کی رضا اور عوامی مفاد کے لیے کی جانے والی کوششیں ضرور کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی فوری طور پر لیس کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ سیکیورٹی اقدامات میں وسائل کی کمی رکاوٹ نہیں بننے دی جائے گی، اور ایمان و حوصلے کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران کے معاملات میں سیاسی مداخلت نہیں ہو گی، لیکن کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی اور سرکاری افسران کی کارکردگی کا جائزہ پرفارمنس انڈیکیٹرز کے تحت لیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والے اداروں کی کمزوریاں حالات کو خراب کرتی ہیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے اور عوامی مفاد میں فیصلے کرنے کے لیے پابند عہد ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos