اسلام آباد: پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے دو سال میں کرغزستان کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو 200 ملین ڈالر تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ اعلان وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کے ساتھ متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب کے دوران کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، جن میں کان کنی، جیوسائنسز، سیاحت، توانائی، ثقافت، تعلیم، کھیل اور یوتھ پروگرام شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے اور سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے سمیت متعدد اہم شعبوں میں تعاون پر دستخط کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغزستان کے صدر کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، تجارت، روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، اور بزنس فورم کے ذریعے تجارتی حجم کو 15 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے کا عزم کیا گیا ہے۔
صدر کرغزستان صادر ژاپاروف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، مواصلات اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور وزیراعظم شہباز شریف کو کرغزستان کے دورے کی دعوت دی۔
معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا راستہ کھل گیا ہے اور تجارتی و اقتصادی تعاون میں اضافہ متوقع ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos