اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات کے دوران پاکستان نے عادل راجہ اور شہزاد اکبر کی حوالگی کے لیے ایکسٹروڈیشن کے باضابطہ دستاویزات برطانیہ کے حوالے کر دیے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ دونوں افراد مختلف مقدمات میں پاکستان کو مطلوب ہیں، اس لیے ان کی حوالگی ضروری ہے۔
محسن نقوی نے بیرونِ ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے متعلق شواہد بھی پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز عالمی چیلنج ہے اور کسی بھی ملک میں بے بنیاد الزامات برداشت نہیں کیے جاتے۔
وزیر داخلہ نے برطانوی تعاون پر امید ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ خارجہ کے ذریعے بھی ایکسٹروڈیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos