پاک فوج کے سربراہ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے میجر شبیر شریف شہید کے 54ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کی جرات، بہادری اور کردار آج بھی قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ انہوں نے 1965 کی جنگ میں ستارۂ جرات حاصل کیا اور 1971 کی جنگ میں سلیمانکی ہیڈ ورکس پر دشمن کے اہم حملوں کو ناکام بنانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
بیان کے مطابق 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی شب انہوں نے غیر معمولی قیادت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے کمانڈر میجر نرائن سنگھ کو قریب سے کارروائی میں ہلاک کیا۔ 6 دسمبر کو بھی وہ مسلسل بھارتی حملوں کو اکیلے پسپا کرتے رہے اور ٹینکوں کو براہ راست نشانہ بنا کر دشمن کی پیش قدمی روکتے رہے۔
میجر شبیر شریف شہید بھارتی ٹینک کا گولہ لگنے سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ترجمان کے مطابق ان کی قیادت، شجاعت اور قربانی پاک فوج کی روشن روایت ہے۔ مسلح افواج نے تمام شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں وطن کی حفاظت کی ضمانت ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos