ہم نے فوج پر تنقید کی لیکن سرخ لکیر کبھی عبور نہیں کی،خواجہ آصف
ہم نے فوج پر تنقید کی لیکن سرخ لکیر کبھی عبور نہیں کی،خواجہ آصف

ہم نے فوج پر تنقید کی لیکن سرخ لکیر کبھی عبور نہیں کی،خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم نے فوج پر تنقید کی ہے لیکن کبھی سرخ لکیر عبور نہیں کی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے نیوز کانفرنس پر فطری اور قدرتی ردعمل ظاہر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی والے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ نہیں لیتے، شہیدوں کے جنازے نہیں پڑھتے اور بھارتی میڈیا کو پاکستان کے خلاف انٹرویوز دیتے ہیں تو اس کے جواب میں یہی ردعمل ملتا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ گزشتہ چار پانچ سال کے حالات خراب ہونے کی ذمہ داری عمران خان پر ہے، اور ان کی ہمشیرہ کی بھارتی میڈیا سے گفتگو نے کشیدہ ماحول میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ پی ٹی آئی کی مرضی سے ہو رہا ہے اور کبھی اس کی مذمت نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی دہشتگردی کے خلاف جنگ کی کھلی مخالفت کرتی ہے، جبکہ ان کی پارٹی کے کارکن اور رہنما مخالفانہ بیانات دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ہم نے فوج پر تنقید کی لیکن کبھی سرخ لکیر عبور نہیں کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔