خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی پشت پناہی یافتہ خوارج کے 9 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 خوارج مارے گئے جبکہ فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ لکی مروت میں بھی خفیہ اطلاعات پر ہونے والی کارروائی میں مزید 2 خوارج مقابلے کے دوران ہلاک ہو گئے اور ان سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ترجمان کے مطابق یہ دہشتگرد مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور بھارتی حمایت سے اپنا نیٹ ورک چلا رہے تھے، جبکہ ان عناصر کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت فورسز دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جدوجہد میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر مملکت نے بھی 9 خوارج کی ہلاکت اور آپریشنز کی کامیابی پر فورسز کے حوصلے، بروقت کارروائی اور قربانیوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے فورسز کا عزم قابل ستائش ہے

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔