صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سارک چارٹر ڈے کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے خطے میں تعاون، امن اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم سارک کا قیام اس سوچ کے ساتھ عمل میں آیا تھا کہ باہمی تعاون کے ذریعے خطے کو زیادہ محفوظ اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سارک کے وژن کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کیا، جس کا ثبوت اسلام آباد میں ہونے والے چوتھے اور بارہویں سربراہی اجلاس ہیں۔
صدر نے کہا کہ 2016 میں انیسواں سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم بھارت کی عدم شرکت کے باعث یہ عمل رک گیا۔ ان کے مطابق بھارت کے اپنے پڑوسیوں سے تنازعات اور تنگ نظر پالیسیوں نے پورے خطے میں علاقائی تعاون کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ایک ایسا علاقائی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے جس میں اجتماعی پیش رفت کو کسی ایک ملک کی خواہش پر روکنا ممکن نہ ہو۔ صدر نے تجویز دی کہ مستقبل کے کسی نئے فریم ورک میں ایران اور چین جیسے ممالک کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے، جس سے رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان جامع اور تعاون پر مبنی علاقائی نظام کا خواہاں ہے اور تمام ممالک کے ساتھ تجارت، توانائی اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے مسائل مشترکہ ہیں اور ان کا حل بھی مشترکہ کوششوں میں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سارک چارٹر ڈے ہمیں جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے مقاصد علاقائی عوامل کی وجہ سے مکمل طور پر حاصل نہیں ہو سکے لیکن سارک سیکرٹریٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں اقتصادی، ڈیجیٹل اور عوامی روابط پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق جنوبی ایشیا غربت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی و توانائی بحران اور صحت کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن کا حل اجتماعی کوششوں میں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے سارک چارٹر کے اصولوں کا حامی رہا ہے اور باہمی احترام و برابری کی بنیاد پر حقیقی تعاون ہی خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos