رپورٹ: نوید اکرم عباسی
ایبٹ آباد : ڈاکٹر وردا مشتاق کو اغوا کرکے قتل کرنے والے ملزمان کی گرفتاری اور شہید ڈاکٹر وردا مشتاق کی لاش ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہارون الرشید نے ایس پی قمر حیات خان اور ایس پی اشتیاق احمد میڈیا کو بتایا کہ3 ملزمان گرفتار ہوگئے ہیں اور لاش برآمد کرلی ہے ،جبکہ مرکزی ملزم کی تلا ش جاری ہے۔
04 دسمبر رات 08:45 پر ڈاکٹر وردہ کی گمشدگی کی رپورٹ ان کے والد نے تھانہ کینٹ میں درج کروائی، جس پر پولیس نے فوری تفتیش شروع کی۔
ابتدائی حقائق کے مطابق سال 2023 میں ڈاکٹر وردہ نے 67 تولہ سونا اپنی سہیلی ردہ کے پاس بطور امانت رکھا تھا، جس کی واپسی کے تنازعے پر دونوں کے درمیان تلخی اور جرگہ بھی ہوا۔
04 دسمبر 2025 کو ملزمہ ردہ نے سونا واپس کرنے کے بہانے ڈاکٹر وردہ کو ڈی ایچ کیو سے اپنی گاڑی میں لے جا کر رحمن اسٹریٹ جدون پلازہ میں اپنے زیر تعمیر گھر میں چھوڑا، جہاں شمعریز، پرویز اور ایک نامعلوم شخص پہلے سے موجود تھے۔
ردہ، ندیم زیب ولد اورنگزیب کی منصوبہ بندی کے مطابق ڈاکٹر وردہ کو ملزمان کے حوالے کرکے واپس اپنے گھر چلی گئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور سی ڈی آر کی مدد سے اصل حقائق تک رسائی حاصل کی اور کارروائی کرتے ہوئے ملزمان ندیم زیب، ردہ جدون اور پرویز کو گرفتار کرلیا، جبکہ مرکزی ملزم شمعریز کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ ڈاکٹر وردہ کو اغوا اور قتل کرکے ٹھنڈیانی کے علاقے لڑی بنوٹہ جنگل میں گڑھا کھود کر دفن کیا گیا۔ ملزم پرویز کی نشاندہی پر ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کی قیادت میں نعش برآمد کرلی گئی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
پولیس نے اب تک 100 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے، 35 سے زائد مشتبہ افراد کو انٹروگیٹ کیا، وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں، طلائی زیورات سے متعلق اسٹامپ پیپر اور چیک قبضہ میں لے لیے گئے۔ کیس کو جدید خطوط، تکنیکی معاونت اور ٹیم ورک کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزمان میں ردہ زوجہ وحید، ندیم ولد اورنگزیب اور پرویز ولد ایوب شامل ہیں، جبکہ شمعریز کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں پشاور اور ایک ایبٹ آباد سے کوششوں میں مصروف ہیں۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے کہا کہ ظلم کرنے والے قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، اور مظلوم کو ہر صورت مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos