لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کینسر اور دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے وزیراعلیٰ سپیشل اینیشیٹو کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ اس کارڈ کے ذریعے کینسر اور کارڈیک سرجری کے مریضوں کا علاج مکمل طور پر حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔ سی ایم سپیشل اینیشیٹو کارڈ کے تحت ہر مریض 10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت حاصل کرے گا۔
پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریضوں کو کارڈ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد وہ مہنگے اور پیچیدہ علاج کے مالی بوجھ سے آزاد ہو جائیں گے۔ کارڈ ہولڈرز کے لیے چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت مفت کارڈیک سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سٹروک اور فالج کے بروقت علاج کے لیے پروگرام پلان تیار کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ ڈیڈ لائنز کے اندر فعال کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق 17 جنوری تک نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے او پی ڈی بلاک کو فعال کیا جائے گا، جبکہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں بھی مختلف شعبے 31 جنوری اور 15 فروری تک مکمل فعال کر دیے جائیں گے۔ پہلے فیز میں 258 اور 1104 اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی جا چکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریضوں کی جانیں بچانے کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos