راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر حکام نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کر دیے ہیں۔ پولیس نے داہگل اور گورکھپور میں دکانیں، تعلیمی ادارے اور پیٹرول پمپس بند کر دیے جبکہ جیل کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہ اڈیالہ روڈ بھی بند کر دی گئی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے دن کے پیش نظر پارٹی نے ممبرانِ اسمبلی، عہدیداران اور کارکنان کو جیل کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ اضافی سکیورٹی اہلکار اور واٹر کینن تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق ملک نے کہا کہ کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا کہ احتجاج کے دوران قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتیں جیل کے قواعد کے مطابق کروائی جا رہی ہیں اور گزشتہ ہفتے ایک ماہ کے تعطل کے بعد ان کی بہن عظمیٰ خان سے ملاقات ہوئی، جس میں ان کی صحت کے بارے میں اطلاع دی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos