مناواں میں گھر کی چھت گرنے سے سالگرہ مناتے 3 دوست جاں بحق، 2 زخمی

لاہور: مناواں کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے تین دوست جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ حافظ ارسلان کے گھر پیش آیا، جہاں محلے کے پانچ دوست اس کی سالگرہ منانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سالگرہ کے دوران مٹی اور گاڑے سے بنی چھت اچانک ان پر گر گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت احمد قدیر (28 سال)، امیر حمزہ (30 سال) اور ارسلان مظہر (23 سال) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ عبدالرحمٰن (28 سال) اور حیدر یاسین (24 سال) کو زخمی حالت میں نکال کر سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس اور ریسکیو ٹیم نے موقع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشیں ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔