پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون کے 7 معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کے 7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت پاکستانی طلبا کو انڈونیشین ایڈ اسکالر شپ پروگرام کے ذریعے تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی، تاریخی دستاویزات اور اہم سرکاری ریکارڈ کے تحفظ، اور صحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اشتراکِ عمل اور حلال تجارت و سرٹیفکیشن کے نظام میں تعاون پر بھی اتفاق کیا۔

حکام کے مطابق یہ معاہدے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی، تعلیمی اور سماجی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔