اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے میں شرکت کے لیے آنے والی سبز نمبر پلیٹ والی تین گاڑیاں پولیس نے قبضہ میں لے لیں ۔ پولیس نے 8 پرائیویٹ گاڑیاں بھی قبضہ میں لے کر چوکی منتقل کر دیں۔ پولیس کے ذرائع کا کہناہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے بارے میں محکمہ ایکسائز سے تصدیق کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی، عظمیٰ خان کا دیگر رہنماوں کے ہمراہ دھرنا جاری ہے۔پی ٹی آئی نے پارٹی بانی سے ملاقات کی کئی کوششیں کیں، مگر جیل حکام نے اجازت نہیں دی۔ویڈیو بیان میں علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ ریاست قانون کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
علیمہ خان اپنی گاڑی سے اترکر پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ اڈیالہ جیل کی جانب پیدل روانہ ہوئیں، وہ اڈیالہ روڈ پر گورکھ پور مارکیٹ تک پہنچیں، جو جیل سے تقریبا ایک کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے، جہاں انہیں پولیس اہلکاروں نے روک لیا۔
پولیس کی رکاوٹوں کے پاس بیٹھ کر علیمہ خان نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، عمران خان کو تنہا اور اذیت میں کیوں رکھا جا رہا ہے؟
ملاقات کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے جیل کے قریب دھرنا دے دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos