پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سید حسن مرتضیٰ کے والد کو چنیوٹ میں ان کے آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ اپنے پسماندگان میں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں چھوڑ گئے ہیں۔
ان کی نمازِ جنازہ امام بارگاہ جاگیر علی اکبر میں ادا کی گئی جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری، راجہ ریاض احمد خان، نواب شیر وسیر سمیت پیپلز پارٹی کے رہنما، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے حسن مرتضیٰ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر وقار مہدی نے بھی تعزیتی پیغامات میں حسن مرتضیٰ اور ان کے اہلخانہ سے اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos