ستھراپنجاب منصوبے سے رہنمائی لے کر برطانوی شہربرمنگھم نے بھی ماحول کو صاف بنالیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ پنجاب ویسٹ اتھارٹی اور برمنگھم میں رضا کاروں کے درمیان ہونے والے ڈیجیٹل رابطے نے برمنگھم میں گلی اور محلوں کو صاف رکھنے میں مدد دی ہے۔ پاکستانی ماہرین اور برمنگھم کے صفائی عملے میں ڈیجیٹل پارٹنر نے کئی مفروضوں کو چیلنج کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ جب پنجاب ویسٹ اتھارٹی نے برمنگھم کمیونٹی کے منتظمین سے آن لائن بات چیت شروع کی تو ہدف واضح تھا کہ اُن کے ساتھ ایسا تسلیم شدہ ماڈل شیئر کیا جائے، جس نے پاکستان میں گلی محلوں کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہو۔ان رابطوں کا مقصد برمنگھم جیسے شہر میں اُبلتے ہوئے کوڑے دانوں اور آئے روز صفائی ستھرائی کے کارکنوں کی ہڑتالوں کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کا حل تجویز کرنا تھا۔ جو نتائج سامنے آئے وہ خیالات کا ایک طاقتور تبادلہ تھے، جس نے یہ ثابت کیا کہ غیر متوقع جگہوں سے بھی مؤثر حل نکل سکتے ہیں۔
پنجاب ویسٹ اتھارٹی کی طرف سے یہ رہنمائی آن لائن سیشن کی صورت میں دی گئی، جس میں کچرے کو مؤثر طریقے سے ٹھکانے لگانے، ہمسائیوں کو شعور اور آگاہی دینے اور صاف ستھرے ماحول کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کی صورت میں دی گئی۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین کے مطابق پنجاب ویسٹ اتھارٹی کا بلیو پرنٹ، سادہ مگر مؤثر ہے۔ یہ تعلیم، کمیونٹی کی شمولیت اور فضلے کو کسی کام کی چیز میں تبدیل کرنے پر مرکوز ہے۔ ’ہم نے کمیونٹیز کو کچرے کو درست طریقے سے ٹھکانے لگانے اور اسے کسی قیمتی چیز میں تبدیل کرنے کا طریقہ سکھایا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے کام کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور ہم اسے برمنگھم جیسے شہر کے ساتھ شیئر کرنے پر خوش ہیں، کیونکہ انھیں کچرے کے چیلنجز کا سامنا ہے۔
سینٹ میریز یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی کے ماہر پروفیسر فراز خان، اس عمل میں پنجاب ویسٹ اتھارٹی اور برمنگھم کے رضاروں کو مشاورت دیتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب نے واضح طور پر کوڑے سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ بنایا ہے، جس سے دُنیا بھر میں بہت سے ادارے استفادہ کر سکتے ہیں۔اُن کے بقول وہ فضلے کو استعمال کر کے، مستقبل میں دوبارہ اس پر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ برمنگھم بھی اس سے سیکھ سکتا ہے۔ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کا حل دُنیا کے کسی بھی حصے سے آ سکتا ہے۔ہمارا مقصد پنجاب کے تجربات سے مستفید ہوتے ہوئے، مقامی رضاکاروں اور دیگر شراکت داروں کے درمیان تعاون سے ایسا ماحول بنانا ہے، جس پر برمنگھم کے شہری فخر کر سکیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos