لاہور میں ٹریفک پولیس کے ایک غیر معمولی معاملے نے شہری کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جہاں قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والے ایک شہری کے نام پر 23 لاکھ روپے سے زائد کے ٹریفک چالان جاری ہو گئے۔
سیف سٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ شہری کے نام پر 500 سے زائد موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، جن پر اب تک 2 ہزار 71 ای چالان بھجوائے جا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ موٹرسائیکلیں قسطوں پر فروخت کی گئیں، تاہم خریداروں نے نہ تو مکمل رقم ادا کی اور نہ ہی موٹرسائیکلیں اپنے نام منتقل کروائیں۔
ذرائع کے مطابق شہری کا تعلق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو سے ہے اور وہ طویل عرصے سے قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے کا کاروبار کر رہا ہے۔ موٹرسائیکلیں تاحال اس کے نام پر رجسٹرڈ ہونے کے باعث تمام ٹریفک خلاف ورزیوں کے چالان اسی کے نام پر جاری ہو رہے ہیں۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ خریداروں کی لاپرواہی اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے
جبکہ حکام سے اپیل کی گئی ہے کہ قسطوں پر فروخت ہونے والی موٹرسائیکلوں کے معاملے پر واضح پالیسی بنائی جائے تاکہ آئندہ ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos