پاکستان آئیڈل نے ایک اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے ’بے بنیاد اور گمراہ کن‘ الزامات کو مکمل طور پر مسترد کیا ہے اور قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
وضاحت میں کہا گیا کہ پاکستان آئیڈل اپنے مقابلے کے ہر مرحلے میں اعلیٰ ترین انتظامی اقدار، دیانت داری، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے۔ شو کی ساکھ، اس کے طریقۂ کار یا مقابلے میں شریک شرکاء کی شفافیت پر سوال اٹھانے والے کسی بھی الزام کو نہایت سنجیدگی سے لیا جاتا ہے، اور کمپنی اپنی نیک نامی، فارمیٹ اور تمام شرکاء کے مفادات کے تحفظ کے لیے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان آئیڈل عالمی سطح پر معروف آئیڈل فرنچائز کے بین الاقوامی فارمیٹ مالکان، فریمنٹل (Fremantle) کی جانب سے مقرر کردہ آڈیو اور ویژول پروڈکشن کے تمام معیارات پر سختی سے عمل کرتا ہے۔ آڈیشنز، جانچ پڑتال، فیصلوں اور نشریاتی مراحل سمیت تمام عمل انہی عالمی معیار کی ہدایات کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں، جنہیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کا درجہ حاصل ہے۔
وضاحتی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ایک سابق مقابلہ کنندہ، جس نے اپنی مرضی سے شو سے علیحدگی اختیار کی، اب عوامی سطح پر ایسے بیانات دے رہا ہے جو بے بنیاد، گمراہ کن اور ہتک آمیز ہیں۔ یہ بیانات پروڈکشن ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ججز کے فیصلوں کی دیانت داری اور ان مقابلہ کنندگان کی محنت و جدوجہد پر بلاجواز سوالات اٹھانے کی ایک نامناسب کوشش ہیں جو مکمل نیک نیتی کے ساتھ مقابلے میں شریک ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان آئیڈل ئے ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور تمام شرکاء کو ایک منصفانہ، شفاف، باوقار اور مواقع سے بھرپور پلیٹ فارم فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ کمپنی اس معاملے سے نمٹنے کے لیے مناسب قانونی راستوں کے ذریعے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ براہِ کرم نوٹ کیا جائے کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے، اور یہ وضاحتی بیان تمام متعلقہ فریقین تک درست مؤقف، شفافیت اور اعتماد کے ساتھ حقائق پہنچانے کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos