بیلا روس سے پولینڈ داخلے کی کوشش، پاکستانی و بھارتیوں سمیت 180 گرفتار

پولینڈ میں پاکستانی اور بھارتی شہریوں سمیت تقریباً 180 غیر قانونی تارکینِ وطن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ افراد بیلا روس کے راستے پولینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

پولینڈ بارڈر فورس کے مطابق انسانی اسمگلروں نے سرحدی جنگلات کے قریب ایک خفیہ زیرِ زمین سرنگ بنا رکھی تھی، جو تقریباً ڈیڑھ میٹر بلند اور سینکڑوں میٹر طویل تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ غیر قانونی نقل و حرکت کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

بارڈر فورس کے مطابق خصوصی جدید الیکٹرانک نگرانی نظام کے ذریعے تارکین کی نشاندہی کی گئی، جو عام آنکھ سے نظر نہ آنے والی سرگرمیوں کو بھی پکڑ لیتا ہے۔ سسٹم کی رینج میں داخل ہوتے ہی فورسز کو فوری اطلاع موصول ہو جاتی ہے۔

سرچ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کے ساتھ تربیت یافتہ کتوں نے بھی حصہ لیا۔ حکام کے مطابق یہ پولینڈ کی سرحد پر اب تک دریافت ہونے والی چوتھی زیرِ زمین سرنگ ہے۔

گرفتار افراد میں پاکستانی، بھارتی، افغانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں، جبکہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔