قصور:ہیڈبلوکی روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے تصادم میں 4 جاں بحق،2 زخمی

قصور کے علاقے ہیڈ بلوکی روڈ پر ظفر مل کے قریب دو موٹرسائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جہاں دونوں موٹرسائیکلیں سامنے سے ٹکرا گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 23 سالہ حسنین، 21 سالہ وسیم، 20 سالہ عمر اور 22 سالہ علی حسن شامل ہیں، جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ نیاز اور 35 سالہ خالد کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں ٹراما سینٹر پھول نگر منتقل کر دیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کر دیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔