سندھ پولیس کے اسپیشل انوسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے ناظم آباد ایک نمبر میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروث اعجاز قادری کے گھر پر چھاپہ مار کر بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران خان کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت جواد قادری عرف خواجہ اور ملا شاہزیب کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق بدنام زمانہ بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے۔ چھاپے کے دوران پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔
ملزمان بھتہ خوری کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے، جبکہ سربراہ سنی تحریک اعجاز قادری کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ایس آئی یو کے اعلامیے کے مطابق یہ کارروائی ریحان نامی پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی، جو جمشید کوارٹر میں بھتہ اور فائرنگ میں ملوث تھا۔
ایس ایس پی عمران خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ موجود ہے اور یہ بھتہ خور گروہ کے سرغنہ صمد کاٹھیاواڑی اور وصی اللہ لاکھو کے نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔ تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos