آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے بانڈی بیچ میں اتوار کے روز یہودیوں کے مذہبی تہوار کی تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق ہنوکا کی تقریب کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا ہے، جو تاحال جاری ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بانڈی بیچ اور قریبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد تقریب میں شریک افراد خوف و ہراس کے عالم میں جان بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں جبکہ پولیس سائرن کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزے کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت بانڈی بیچ میں پیش آنے والی صورتحال سے آگاہ ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی جانب سے جاری ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos