خضدار میں دستی بم دھماکا،کمسن بچہ جاں بحق،6 افراد زخمی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں دستی بم کے دھماکے نے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔ واقعہ تحصیل وڈھ میں پیش آیا جہاں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی وجوہات اور ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران بلوچستان میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر 78 ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں 707 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 200 سے زائد اہلکار شہید ہوئے جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں 200 شہری بھی جان سے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔