بگرام ہوائی اڈے کی زمین پر طیاروں کی تصاویر پینٹ کرکے امریکی سیٹلائٹ کو دھوکہ دینے کی کوشش پکڑی گئی۔
بگرام ایئرپورٹ کبھی امریکی اور افغان جنگی طیاروں سے بھرا رہتا تھا لیکن حالیہ تصاویر رن وے کی زمین پر براہ راست پینٹ کیے گئے طیاروں کو دکھا رہی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ فضائی نگرانی کو دھوکہ دینے کے لیے بنائے گئے نقلی ماڈل ہیں۔بگرام ٹا رمک پر پینٹ کی گئی تصاویر اوپر سے دیکھے جانے پر فریب دینے کے لیے بنائی گئی ہیں۔ ’’ کونٹیسٹڈ گراؤنڈ ‘‘ پراجیکٹ کے جغرافیائی تجزیہ کار ولیم گڈہینڈ نے کہا ہے کہ یہ پینٹنگز امریکی افواج کے انخلا کے بعد سے نہیں ہلی ہیں جو فوجی طیاروں کی غیر موجودگی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
اسی طرح قندھار طالبان کا نظریاتی کمانڈ سینٹر ہے تاہم سیٹلائٹ تصاویر وہاں بھی فوجی سرگرمیوں میں تیزی سے کمی کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ فضائی اڈہ طیاروں سے تقریباً خالی دکھائی دے رہا ہے اور امریکی موجودگی کے دوران کے مقابلے میں رات کی روشنی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
امریکی اخبار’’ واشنگٹن پوسٹ ‘‘ کی جانب سے مسلح تنازعات پر نظر رکھنے والے ماہرین کے تعاون سے کیے گئے تجزیے کے مطابق طالبان نے بگرام بیس کی تنصیبات کو دوبارہ ترتیب دیاتھا جس میں شپنگ کنٹینرز کی منتقلی اور بیرونی منظر سے اڈے کو الگ تھلگ کرنے کے لیے نئی دیواریں بنانا شامل ہیں لیکن گزشتہ چار سا ل کے دوران بڑے پیمانے پر فوجی سرگرمی کا کوئی واضح اشارہ نہیں ملا ۔
طالبان نے ابتدا میں بگرام اڈے کو فوجی اور شہری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی اور اسے ایک خصوصی اقتصادی زون میں تبدیل کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا۔ تاہم طالبان کی وزارت صنعت و تجارت نے پہلی بار عوامی طور پر تسلیم کیا کہ ان منصوبوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزارت کے ترجمان اخوندزادہ عبدالسلام جواد نے کہا کہ تکنیکی جائزوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ فوجی تنصیبات کو اقتصادی مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر مسماری اور تعمیر نو کی ضرورت ہو گی جو مہنگی ہو گی اور فوجی شعبے کو نقصان پہنچائے گی۔
سیٹلائٹ تصاویر اور آزاد ذرائع کے انٹیلی جنس تجزیوں سے انکشاف ہوا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بگرام ایئربیس کو واپس لینے کے مطالبے کے باوجود 2021 میں امریکی افواج کے انخلا کے بعد سے طالبان نے ورثے میں ملے فضائی اڈوں کا استعمال محدود رکھا ہے۔ ٹرمپ نے بگرام ایئربیس کو دنیا کے سب سے بڑے فضائی اڈوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos