وزیراعلیٰ سندھ نے پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔

کراچی میں مہم کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ یہ سات روزہ مہم 15 دسمبر سے شروع ہو چکی ہے، جو سندھ کے 30 اضلاع کی 1345 یونین کونسلز میں جاری رہے گی۔ اس دوران ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام ممالک نے اسی طریقہ کار کے ذریعے پولیو کا خاتمہ کیا ہے اور یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ آج بھی پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ واحد ممالک ہیں جہاں پولیو موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو سے بچاؤ کا واحد مؤثر حل بچوں کو بروقت قطرے پلانا ہے، جبکہ دیگر اسلامی ممالک بھی یہی عمل اپنا کر اس مرض پر قابو پا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ برس ملک بھر میں 30 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، جن میں سے 9 کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایک وقت میں پولیو کے کیسز میں واضح کمی آئی تھی، تاہم حالیہ برسوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم میں 80 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے 21 ہزار سے زیادہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے والدین اور عوام سے پُرزور اپیل کی کہ وہ ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔