پیرودھائی میں غیرت کے نام پر18 سالہ لڑکی کے قتل کیس میں مقتولہ کے بھائی سمیت2 اشتہاری گرفتارہوگئے۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا،مقدمہ میں قبل ازیں 10 ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا جا چکا ہے،سنگین مقدمہ میں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
واقعہ رواں سال جولائی میں تھانہ پیرودھائی کے علاقے فوجی کالونی میں پیش آیا تھا۔16جولائی کی رات غیرت کے نام پرلڑکی کو قتل کرکے اس کی لاش کوخاموشی سے دفن کرکے قبر کا نشان مٹادیا گیا۔ مبینہ طور پر قتل کو چھپانے کے لیے لڑکی کے شوہر نے تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں اہلیہ پر طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کا الزام عائد کیا گیا ، اطلاعات کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔
مقتولہ سدرہ کے شوہر ضیا الرحمٰن نے پہلے اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔21 جولائی کو تھانہ پیرودھائی میں درج کرائے گئے مقدمے میں بیوی پر طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos