فائل فوٹو
فائل فوٹو

میسی کا مجسمہ بھارت کیلیے جگ ہنسائی بن گیا

بھارت کو میسی کے مجسمے کی وجہ سے جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔ عجلت میں تراشے گئے اس مجسمے میں میسی کے بجائے سابق بھارتی داماد شعیب ملک کی شکل بنا دی گئی ہے۔

جدید فائبر ٹیکنالوجی سے تیارکردہ 70 فٹ اونچا مجسمہ بنانے میں تقریباً 40 دن لگے۔ مجسمہ کولکتہ کے سری بھومی اسپورٹس کلب میں نصب کیا گیا ہے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا میسی کا مجسمہ کہا جارہا ہے۔ لیونل میسی نے انڈیا کے دورے کے دوران جب اس مجسمے کی نقاب کشائی کی تو خود بھی ہنستے رہے۔

اسی دوران جب یہ مجسمہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو شدید ٹرولنگ کی وجہ سے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی معافی مانگنے پر مجبورہوگئیں۔ جبکہ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہونے والی بدنظمی اور افراتفری پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بدانتظامی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ تاہم ریاست کی اپوزیشن جماعت نے ممتا بنرجی کے بیان کو مگرمچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے ان کی حکومت کو بدانتظامی اور بھارتی رسوائی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

اپزیشن پارٹی کا کہنا تھا کہ اس صورتحال نے نہ صرف ایونٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ بلکہ کولکتہ کے شائقین کیلئے طویل انتظار کے بعد میسی کا دورہ تلخ یاد بن کر رہ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے فٹبال لیجنڈ لیونل میسی کی کولکتہ آمد پر انتظامیہ کی نااہلی سے بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ہفتے کے روز سالٹ لیک اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی موجودگی کے باوجود شائقین کا جوش اس وقت غصے میں بدل گیا۔ جب میسی شیڈول سے پہلے ہی تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔

مایوس مداحوں کا کہنا تھا کہ 12 ہزار روپے کے مہنگے ٹکٹ خریدنے کے باوجود وہ میسی کی ایک جھلک بھی نہیں دیکھ پائے۔ کیونکہ سیاسی رہنماؤں اور اداکاروں نے انہیں گھیر رکھا تھا۔ جب میسی چلے گئے تو ناراض شائقین نے بوتلیں اور کرسیاں پھینکنا شروع کر دیں اور دھکم پیل میں تقریب کا خیمہ بھی گرا دیا۔

رپورٹس کے مطابق ناقص سیکورٹی کی وجہ سے میسی کو اپنا قیام مختصرکرنا پڑا۔ ورلڈ کپ ٹرافی تھامے میسی کا مجسمہ بھی شائقین کے غم و غصے سے بچ نہ سکا اور سوشل میڈیا پر شدید مذاق کا نشانہ بن گیا۔ صارفین کا ایک بڑا حصہ طنز کر رہا ہے کہ یہ مجسمہ میسی سے کم اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے حیرت سے پوچھا ’’کیا کوئی بتا سکتا ہے کہ یہ شعیب ملک ہیں یا میسی۔ میں الجھن کا شکار ہوں‘‘۔ دوسرے صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا ’’میسی اور شاہ رخ خان نے شعیب ملک کے مجسمے کا افتتاح کیا۔ شعیب ملک آپ لیجنڈ ہیں‘‘۔ ایک اور صارف نے لکھا ’’یہ مجسمہ میسی ملک کا ہائبرڈ ورژن ہے؟‘‘۔ اسی طرح اس مجسمے پر میمز کا بھی طوفان برپا ہوگیا۔ ایک وائرل میم میں لکھا گیا ’’انڈیا نے میسی کا آرڈر دیا۔ لیکن انہیں شعیب ملک کی ڈلیوری ہو گئی‘‘۔

دوسری میم نے طنزاً ہے ’’میسی یہاں شعیب ملک کے مجسمے کا افتتاح کرنے آئے ہیں۔ کیونکہ بھارت میں کرکٹ کی محبت ہمیشہ فٹ بال پر غالب رہتی ہے‘‘۔ بالی وڈ سے متاثر ہوکر ایک اور کلاسک میم سامنے آئی ’’یہ میسی نہیں، یہ رہیتک روشن ہے، جو چھٹی پر ورلڈ کپ جیت گیا‘‘۔ واضح رہے کہ لیونل میسی کے دورہ بھارت پر آنے والے کل اخراجات کا تخمینہ دس ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ جس میں تین روزہ ٹور کی میسی کی ذاتی فیس پانچ ملین ڈالر علیحدہ ہے۔ میسی کا انتہائی مہنگی پرائیویٹ جیٹ، اعلیٰ درجے کی سیکورٹی اور دیگر آپریشنل اخراجات دو ملین ڈالر ہیں۔ جبکہ فنڈز میں بدعنوانی کرنے والے کئی منتظمین کو گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔