کوئٹہ: ضلع پنجگور میں بینکوں کو لوٹنے کے دوران مسلح افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افرادجاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔
پنجگور پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پیر کو چار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے شہر میں داخل ہو کر بینکوں میں لوٹ مار شروع کر دی۔
ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مسلح افراد شہر میں 3 بینکوں کو لوٹنے کے بعد جب ایک اور نجی بینک اور ایک سرکاری بینک کو لوٹنے کے لیے آئے تو وہاں نجی بینک کو لوٹنے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکاروں نے مزاحمت کی۔
اہلکار کے مطابق جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہو گئے جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس اہلکار کے مطابق اس نجی بینک پر مزاحمت کی وجہ سے مسلح افراد رقم نہیں لے جا سکے اور جھڑپ کے بعد وہ فرار ہو گئے۔
اہلکار نے بتایا کہ جھڑپ سے قبل مسلح افراد3 نجی بینکوں سے رقوم لوٹنے میں کامیاب ہو گئے تاہم وہ فوری طور پر یہ نہیں بتا سکتے کہ وہ وہاں سے کتنی رقم لے جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos