سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈو کشمور روڈ پر مسافر بس سے اغوا کیے گئے 19 افراد میں سے 11 کو پولیس اور رینجرز نے کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کرا لیا ہے، جبکہ باقی مغویوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی ایس پی اوباڑو کے مطابق مغویوں کو سومیانی کے قریب مقابلے کے بعد بازیاب کرایا گیا۔ مزید افراد کی بازیابی کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور پولیس و رینجرز کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے، جس میں ڈرون کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر کی شب مسلح ڈاکوؤں نے مرید شاخ کے قریب گڈو کشمور روڈ پر صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ بس میں خواتین سمیت 25 سے 27 افراد سوار تھے۔ ڈاکوؤں نے خواتین کو چھوڑ دیا جبکہ 19 مرد مسافروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے دوران ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بعض مسافر خوف کے باعث قریبی گنے کی فصل میں چھپ گئے تھے، تاہم اب بھی چند افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب نہیں کرا لیا جاتا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos