سرگودھا:سرکاری گاڑی اور ٹرین میں تصادم،2 کانسٹیبل شہید،4 زخمی

سرگودھا میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں دورانِ گشت پل نمبر 78 شمالی کے قریب ایس پی یو کی سرکاری گاڑی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں کانسٹیبل امان اللہ اور کانسٹیبل سبطین موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں اے ایس آئی وسیم عباس، کانسٹیبل ابرار، ہیڈ کانسٹیبل محمد اویس اور ڈرائیور کانسٹیبل ضیافت علی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ دونوں افسران نے موقع کا معائنہ کیا اور ہسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ اور سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔