پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں نے جنوری میں پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اور ان کے بھائی سلیمان خان نے پاکستان کے ویزے کے لیے درخواست دے دی ہے اور دونوں جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران قاسم اور سلیمان سے سوال کیا گیا کہ کیا انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے لیے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ چند ماہ قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ وہ پاکستان آ کر عمران خان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ اس پر قاسم خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیے گئے بیانات واضح ہیں، اس لیے انہیں امید ہے کہ جنوری میں پاکستان جانا ممکن ہوگا۔
ایک اور سوال کے جواب میں قاسم خان نے کہا کہ ان کے والد عمران خان کی زندگی کا مقصد پاکستان کو بدعنوانی سے نجات دلانا ہے اور وہ اسی مشن کو اپنی زندگی سمجھتے ہیں۔
قاسم خان نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کسی معاہدے کے تحت ملک چھوڑ کر بیرونِ ملک چلے جائیں تو انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ وہ یہ محسوس کریں گے کہ انہوں نے اپنے ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos