پنجاب میں غیر قانونی رکھے گئے 3 کالے ریچھ بازیاب

پنجاب وائلڈ لائف رینجرز نے جنگلی حیات کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران تین کالے ریچھوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ متعدد افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ضلع لودھراں سے دو ، ایک کو ڈیرہ غازی خان سے بازیاب کرایا گیا۔ ڈیرہ غازی خان ریجن کے وائلڈ لائف رینجرز نے مظفر گڑھ پولیس بالخصوص جتوئی پولیس اسٹیشن کے ساتھ مل کر ایک کالا ریچھ برآمد کیا۔ ایک مشتبہ شخص کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا، ملوث تین دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ برآمد ہونے والے ریچھ کو مناسب دیکھ بھال کے لیے ڈیرہ غازی خان چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا۔

ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر پنجاب سید کامران بخاری نے بتایا کہ یہ مخصوص آپریشن سوشل میڈیا پر ریچھ کی کتے سے لڑائی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیا گیا۔ واقعے کے بعد فوری کارروائی کی گئی۔ حالیہ پیش رفت کے ساتھ، پنجاب بھر میں بازیاب کالے ریچھوں کی کل تعداد 25 ہو گئی ہے۔انہوںنے زور دیا کہ محکمہ جنگلی حیات محفوظ جانوروں کے غیر قانونی رکھنے اور ان کے ساتھ بدسلوکی میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت اور غیر جانبدارانہ کارروائیاں جاری رکھے گا۔

محکمہ جنگلی حیات پنجاب کے مطابق یہ کارروائیاں سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کیپٹن (ریٹائرڈ) طاہر ظفر عباسی کی ہدایت پر ہو رہی ہیں۔ چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے جانوروں کی بازیابی کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔