محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20سے 22دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوئواں کا سلسلہ 19دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا اور 20دسمبر کو پنجاب سمیت بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔اس موسمی نظام کے زیر اثر پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
20 دسمبر کی شام سے 21دسمبر کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہوائوں کے ساتھ گرج چمک والی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 20 دسمبر کی رات سے مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، مری اور گلیات میں بعض سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شہریوں اور بالخصوص سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی معلومات حاصل کریں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos