لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے یومِ شہادت پر عسکری قیادت کا خراجِ عقیدت

لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشانِ حیدر کے یومِ شہادت کے موقع پر عسکری قیادت نے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغامات میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی جرأت، بہادری اور بے مثال قربانی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہوں نے 1971 کی جنگ کے دوران واہگہ سیکٹر پر شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے مورچوں پر دلیرانہ حملہ کیا اور شہادت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا۔

بیان کے مطابق لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی، حب الوطنی اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ شہداء کی لازوال قربانیاں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ عظمت اور قومی عزم کی علامت ہیں۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، اور لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی قوم کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔