اسلام آباد میں اقبال چوک فلائی اوور پراجیکٹ کو حیران کن رفتار اور اعلیٰ معیار کے ساتھ صرف 77 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے اطراف ماحولیاتی بہتری کے لیے تین ہزار نئے پودے اور درخت بھی لگا دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر داخلہ نے فلائی اوور کا تفصیلی معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مقررہ وقت سے قبل منصوبے کی تکمیل پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے افتتاحی تقریب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پراجیکٹ کے اطراف تین ہزار پودے اور درخت لگانے پر سی ڈی اے کی کارکردگی کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اقبال چوک فلائی اوور راولپنڈی اور اسلام آباد کا ایک اہم اور مرکزی جنکشن پوائنٹ ہے، اور اس منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی، راوت اور لاہور سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔ فلائی اوور شہری آمدورفت میں بہتری اور ٹریفک دباؤ کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos