صدر زرداری کا قطر کے قومی دن پر امیر قطر اور عوام کو مبارکباد

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے قطر کے قومی دن کے موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطری عوام کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صدر زرداری کے مطابق پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دیرپا برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے امیرِ قطر کی قیادت میں نمایاں ترقی اور کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ خطے اور عالمی سطح پر اس کا مثبت کردار قابلِ تحسین ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، اور توانائی، زراعت اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوامی روابط اور افرادی قوت کو تعلقات کی بنیاد قرار دیا اور دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

دوسری جانب صدر زرداری نے عالمی یومِ کسان کے موقع پر پاکستانی کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان پاکستان کی معیشت، غذائی خودکفالت اور دیہی ترقی کی بنیاد ہیں۔ زراعت ملک کے کروڑوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ اور قومی ترقی کا اہم ستون ہے، لیکن پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور زرعی لاگت میں اضافہ بڑے چیلنجز ہیں۔

صدر نے کہا کہ کسانوں کی فلاح، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک بہتر رسائی کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں، اور زرعی شعبے کی مضبوطی کے ذریعے ہی پاکستان میں غذائی تحفظ، پائیدار ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔