اسلام آباد: قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی پی کی سینیٹر پلوشہ خان نے وفاقی وزیر علیم خان کے ساتھ تلخ کلامی کی وجہ بتا دی۔
تلخ کلامی کس بات پر ہوئی، اس حوالے سے سینیٹر پلوشہ خان نے امت ڈیجٹل کے نمائندے لقمان شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری علیم خان سے کو ئی تلخ کلامی نہیں ہوئی میں نے ایک سوال کیا تھا، میں نے سینیٹ میں ایک سوال پوچھا تھا جس کا جواب نہیں ملا تھا،میں نے چیئر مین سے کہا کہ اسے اپنے اجلاس میں ایجنڈے پر رکھیں، انھوں نے رکھ لیا، اس پر انہیں جواب دینا پڑ گیاجس پر وہ بھڑک اٹھے یہ کیوں پوچھا میں ایک ایماندار آدمی ہوں۔
انھوں نے کہا کہ ایک روڈ بنا ہے اس پر پاکستان کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ لگا ہے اس سے کسی سوسائٹی کو فائدہ ہو رہا ہے ، میں کیوں نہ پوچھوں،سوال کرنا ہمار احق ہے۔میں نے سوال یہ کیا تھااس سے کسی سوسائٹی کو فائدہ پہنچا نے کیلیےتو نہیں اگر ہے یا نہیں اس کا جواب دیدیں اس پر وہ بھڑک اٹھے۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ انھوں نے کہا کہ آپ سب پارلیمینٹرین بے ایمان ہیں ،سب بلیک میلر اکٹھے ہو کر ہم سے سوال کرتے ہیں، یہ ہے رویہ شہباز شریف کی کابینہ ممبران کا، خاص طور پر استحکام پاکستان پارٹی کے ممبران کا جن کی پارٹی کا کسی کو معلوم نہیں، وہ کیا ہیں،وہ کمیٹی کو کسی ایسوسی ایشن کی طرح چلا رہے ہیں،دھمکیوں پر اتر آئے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وہ اس معاملے کو پارٹی میں اٹھائیں گی، یقینا پارٹی کواس معاملے کا پتہ گیا ہو گا، اعلی قیادت دیکھ چکی ہو گی ،وہ ضرور اس کا نوٹس لیں گے۔
عبد العلیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان شدید تلخی کلامی
قبل ازیں قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وفاقی وزیر عبد العلیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان شدید تلخی کلامی ہوگئی۔
پلوشہ خان نے کہاکہ تم ہو کون اس طرح کی بات کرنے والے جس پر عبد العلیم خان نے کہا کہ آپ عزت کریں گے تو ہم آپ کی عزت کریں گے، آپ لوگ ذات پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔
عبد العلیم خان نے پلوشہ خان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’’ شٹ اپ‘‘ جس پر پلوشہ خان نے کہا’’ یو شٹ اپ‘‘۔
عبد العلیم خان نے کہا کہ سارے زمانے کے بے ایمان یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔
پلوشہ خان نے کمیٹی چیئر مین سے کہا کہ جو بدتمیزی وزیر نے کی ہے اس پر رولنگ دیں، کیا نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام لینا جرم ہے، میں نے سوال پوچھا ہے۔
ارکان کی آپس میں لڑائی کے بعد چیئرمین کمیٹی نے مداخلت کی اور وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے چئیرمین کمیٹی کے کہنے پر معذرت کر لی۔
اس دوران سینیٹر پرویز رشید سینیٹر پلوشہ خان اور علیم خان کو خاموش کرواتے رہے تاہم سینیٹر پرویز رشید کی بیچ بچاؤ کرانے کی کوششیں بھی رائیگاں گئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos