مظفرآباد: آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کے وزیرِ خزانہ و ان لینڈ ریونیو اور بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے چیئرمین چوہدری قاسم مجید نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ایڈوانسز مہم کا افتتاح کیا، کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ ڈویژن میں اعلیٰ سطی اجلاس کی صدارت کی اور بینک آف آزاد جموں و کشمیر میں اپنا ذاتی بینک اکاؤنٹ کھول کر بینک پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
چیئرمین نے بینک کے ہیڈ آفس مظفرآباد میں ربن کاٹ کر ایڈوانسز مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوانسز مہم کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں، خواتین، زراعت، تجارت اور ایس ایم ایز کو آسان اور سستی فنانسنگ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ بینک کا درجہ دلانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی حکمرانی، میرٹ، نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی خدمت بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی بنیادی اقدار ہوں گی، جبکہ مزید برانچوں کے قیام سے عوام تک بینکاری سہولیات کی رسائی بڑھائی جا رہی ہے۔
بعد ازاں چیئرمین نے کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ ڈویژن میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جہاں صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد شہزاد میر نے بینک کی مالی کارکردگی، اسٹریٹجک اہداف اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 2006ء سے 2022ء تک بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے 3.420 ارب روپے منافع حاصل کیا، جبکہ صرف 2023ء سے ستمبر 2025ء کے دوران 4.568 ارب روپے منافع کمایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بینک کے کل اثاثے 58 ارب روپے، ڈیپازٹس 47 ارب روپے اور ایڈوانسز 5.381 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کا کیپیٹل ایڈی کویسی ریشو 47.6 فیصد ہے، جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مقررہ حد 13.5 فیصد سے کہیں زیادہ ہے، جبکہ نان پرفارمنگ لونز 11 فیصد سے کم ہو کر 4.3 فیصد رہ گئے ہیں۔
صدر بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ شیڈولڈ بینک اسٹیٹس کے لیے تمام اہم تقاضے مکمل یا آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اور چیئرمین بینک آف آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 2.9 ارب روپے بطور ایکویٹی فراہم کیے، جس سے بینک کا سرمایہ 10 ارب روپے مکمل ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جدید کور بینکنگ سسٹم کے لیے عالمی معیار کی کمپنیوں کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں اور عمل درآمد جاری ہے، جبکہ عملے کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد شہزاد میر نے چیئرمین بینک آف آزاد جموں و کشمیر چوہدری قاسم مجید کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جو بینک کی ترقی کے لیے ان کی قیادت، رہنمائی اور تعاون کے اعتراف کے طور پر دی گئی۔
اسی روز چیئرمین نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر میں اپنا ذاتی اکاؤنٹ کھولا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر میں بینکاری کریں کیونکہ یہ ادارہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عوامی اعتماد کے باعث مضبوط ہو رہا ہے۔
تقریبات میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے تمام ڈویژنل اور ریجنل ہیڈز نے شرکت کی، جو بینک کی مجموعی ترقی، استحکام اور روشن مستقبل کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos