پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا اٹھانے اور صفائی کے بل وصول کرنے کا نیا طریقہ کار طے کر لیا ہے۔ نئے نظام کے مطابق صفائی بل اب محکمہ ایکسائز کے ذریعے وصول کیا جائے گا، جس میں شہریوں کو ابتدائی طور پر جنوری 2026 سے ماہانہ اور جون 2026 سے سالانہ بل دینا ہوگا۔
نظام کے مطابق 3 مرلہ کے گھروں پر کوڑا ٹیکس عائد نہیں ہوگا، جبکہ 5 مرلے سے 2 کنال کے گھریلو صارفین کو 300 سے 2 ہزار روپے صفائی بل ادا کرنا ہوگا۔ کمرشل صارفین کے لیے اربن ریٹ 500 سے 2 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ یکم جنوری سے عوامی مقامات پر کوڑا جلانے یا پھینکنے والوں کو بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نئے اقدامات کے تحت کوڑا جلانے پر پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ ٹائروں کو جلانے کی صورت میں پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور سات سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر کوڑا پھینکنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ، گلی یا محلے کے نالوں میں کوڑا ڈالنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ، اور جانوروں کی آلاؤشیں یا باقیات پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos