لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کی تاریخ طے پا گئی ہے۔ شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ تقریبات جنوری میں منعقد ہوں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر کے مطابق جنید صفدر کی شادی ان کی پوتی شانزے شیخ سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کی تقریبات 16، 17 اور 18 جنوری کو منعقد ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنی بڑی بیٹی اور داماد راحیل منیر کے ہمراہ رشتہ لے کر آئیں، جسے خاندان نے خوشی سے قبول کیا۔
شیخ روحیل اصغر کے مطابق میاں نواز شریف نے باضابطہ طور پر دونوں خاندانوں کو کھانے پر مدعو کیا، جہاں رشتہ طے پایا۔ انہوں نے بتایا کہ شادی سے متعلق معاملات مریم نواز، ان کی اہلیہ اور بہو نے باہمی مشاورت سے طے کیے۔ یہ رشتہ تقریباً دو ماہ قبل طے پا چکا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہندی کی مشترکہ تقریب اور ولیمہ جاتی عمرہ میں ہوگا جبکہ شادی کی تقریبات میں صرف قریبی رشتہ داروں کو مدعو کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور اور شانزے شیخ کے درمیان دوستی بھی اس رشتے کی بنیاد بنی۔
0
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos