اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائی گئی سزا، 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سزا مکمل ہونے کے بعد شروع ہو گی۔
اپنے بیان میں عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 سالہ سزا ختم ہونے کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس میں 17 سال قید کی سزا کا اطلاق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں تحائف کی اصل قیمت کم ظاہر کر کے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، جس پر عدالت کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق تحائف کی قیمت کم لگوا کر حکومت کو کم رقم ادا کی گئی جبکہ قیمتی تحائف ذاتی استعمال کے لیے رکھ لیے گئے، جس سے ریاست کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے بھی تحائف اپنے پاس رکھ کر مالی فائدہ حاصل کیا اور مجموعی طور پر ریاست کو 3 کروڑ اور 7 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
عطاء تارڑ نے مزید بتایا کہ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 10 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ان کے مطابق فیصلے سے یہ واضح پیغام گیا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos