ملک کے مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش ریکارڈ کی گئی، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوتی رہی، جس سے موسم خوشگوار جبکہ سردی میں اضافہ ہوا۔ بارش کے بعد شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

شہریوں کی جانب سے پہلی بارش پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان بارشوں سے صوبے میں جاری طویل خشک سالی کے خاتمے میں مدد ملنے کا امکان ہے۔

ادھر وادی زیارت اور اطراف کے علاقوں میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ شدید سرد موسم میں بعض علاقوں میں گیس کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔