راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے46 مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے،قومی ادارہ صحت کی رواں سال نومبر کی لیبارٹری رپورٹ کےمطابق ملک کے 27 اضلاع کے 127 مقامات سے سیوریج نمونے لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔ 46 میں پولیو وائرس پایا گیا۔
لیبارٹری رپورٹ کے مطابق سندھ کے 22 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے،جن میں کراچی کے11،حیدر آباد کے3 اور دیگر اضلاع کے8 مقامات شامل ہیں۔خیبرپختونخوا کےضلع پشاور اور بنوں کے 2،2 اور دیگر اضلاع کے 5 مقامات، پنجاب میں 7 مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا،لاہور میں 4،راولپنڈی کے 2 اوراورفیصل آباد کے 1 مقاام کے نمونےپولیو پازیٹیو نکلے۔کوئٹہ اورمستونگ سمیت بلوچستان کے6مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا،رپورٹ کے مطابق وفاقی دارلحکومت کا سیوریج بھی پولیو وائرس سے محفوظ نہیں،دو مقامات کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
راولپنڈی کے سیوریج میں پولیو وائرس پائے جانے پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔جہاں محکمہ صحت نے رواں سال کے دوران پولیو مہم کو انتہائی کامیاب قرار دیا، سروے میں سیٹلائٹ ٹاؤن جیسے پوش علاقوں میں بھی ویکسین سے انکاری خاندانوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
مہم کے دوران کل 225 یونین کونسل سپروائزرز، 765 ایریا سپروائزرز، 4,731 موبائل ٹیمیں، 262 فکسڈ سائٹس اور 194 ٹرانزٹ ٹیموں نے حصہ لیا۔مہم کے بعد کے جائزوں نے کامیاب نتائج دکھائے، سال کے دوران 98 فیصد مارکیٹ سروے کوریج ریکارڈ کی گئی۔
آخری قومی پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر 7لاکھ 44 ہزار940بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف تھا، جن میں سے 7 لاکھ 19 ہزار623بچوں کو قطرے پلائے گئے،کوریج کاتناسب 97 فیصدرہا۔گھر سے باہر تعلیمی اداروں میں، آنے جانے والے بچوں کے لیے، مقررہ جگہوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی و یکسینشن کی گئی۔
مہم کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ آبادی کی مسلسل نقل و حرکت کے باعث ضلع کو پولیو کے خاتمے کے لیے اضافی محنت، موثر منصوبہ بندی اور خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔پولیو فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس یقین کا اظہار کیا کہ 2026 میں ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
محکمہ صحت نے جنوری 2026 میں نئی انسداد پولیو مہم کے نئے عزم اور اہداف کے ساتھ شروع کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos