سزا سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پہلا ردعمل سامنے آ گیا

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سزا سننے کے بعد پہلا ردعمل دے دیا۔ ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق عمران خان فیصلے پر بالکل حیران نہیں تھے اور وہ آج بھی مسکراتے رہے۔

اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ ان کے اور بشریٰ بی بی کے خلاف سنائی گئی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل رات تقریباً آٹھ بجے لیگل ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ کیس کی سماعت آج صبح نو بجے ہوگی، تاہم ہم اس فیصلے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو جج نے کیس کو ملتوی کرتے ہوئے آج کی تاریخ دلائل کے لیے مقرر کی تھی، نہ کہ فیصلہ سنانے کے لیے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے الزام عائد کیا کہ جج نے وکلا کی غیر موجودگی میں غیر قانونی طور پر فیصلہ سنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جج صاحب 59 صفحات پر مشتمل لکھا ہوا فیصلہ ساتھ لائے اور بغیر قانونی تقاضے پورے کیے فیصلہ سنا کر چلے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل سے آج تک میرٹ پر کوئی فیصلہ نہیں آیا اور ہمیشہ ہائی کورٹ سے ریلیف ملا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے دوران واضح ہدایت دی کہ فوری طور پر ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جائے، تاہم ملاقات بہت مشکل سے ممکن ہو سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔